کراچی،6اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔اْنھوں نے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان سیریز کے بعد وہ ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔بڑا اچھا سفر رہا ہے، جو بھی ایچومینٹس ہیں اْس سے میں خوش ہوں۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز رواں ماہ کھیلی جائے گی۔مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کبھی نہیں جیتی اور اْن کی کوشش ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا کر بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہیں۔42 سالہ مصباح الحق پاکستان کے کامیاب ٹیسٹ کپتان رہے ہیں، لیکن گزشتہ چھ ٹیسٹ میچوں میں ناکامی کے بعد اْن پر دباؤ میں اضافہ تھا۔مصباح الحق کی کپتانی میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں تین، صفر سے شکست دی تھی جب کہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دو، صفر سے ہرایا تھا۔مصباح الحق نے 72 ٹیسٹ میچوں میں 45.84کی اوسط سے4,951رنز بنائے۔